کاروبار زندگی سے اہم نہیں‘ راجا فاروق بازاروں میں رش پر برہم

158

مظفرآباد (صباح نیوز)وزیر آئی ٹی وترجمان حکومت آزادکشمیر ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے بازاروں میں رش اور بیشتر جگہوں پر احتیاتی تدابیر اختیار نہ کیے جانے پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں اور عوام الناس کو متنبہ کیا ہے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پھر اگلے چند دنوں میں انہیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا پڑے گی اور تمام بازاربند اور جو نرمی دی گئی ہے ختم کر دی جائے گی۔کاروبار انسانی زندگیوں سے زیادہ ضروری نہیں وزیراعظم آزادکشمیر نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے تاجرتنظیمیں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنی ذمے داری پوری کریں بدقسمتی سے اس حوالے سے بہت ساری جگہوں پر خلاف ورزیاں نظر آئیں،ا گرچہ بہت لوگوں نے اس ایس او پی کو فالوکیا اور ان کی پابندی بھی کی۔ مگر ایک بڑی تعداد ایسی تھی کہ جس نے ان کا خیال نہیں رکھا۔ میں خدا راہ ان سے اپیل کرتا ہوں کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ یہ نرمی رمضان المبارک میں جو آپ کو ابتدائی طور پر ایک ہفتے تک دی گئی ہیں یہ برقرار رہیں تو آپ ان تمام احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں بصورت دیگر ہم مجبور ہوں گے کہ یہ نرمی ہم واپس لیں۔ پاکستان کے اندر کورونا کی صورتحال تیزی سے خطرناک حد کی طرف جا رہی ہے اور روزانہ نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ آزادکشمیر میں ابھی صورتحال کنٹرول میں ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ لوگ احتیاطی تدابیر چھوڑ دیں۔ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے رمضان المبارک میں مساجد میں تراویح اور باجماعت نماز کے لیے ہدایات جاری کیں۔ بازاروں کو کھولنے کے لیے بھی مشروط ہدایت جاریں کیں ۔کورونا کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال کے متعلق اپ ڈیٹ کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ابھی تک کورونا کا آزادکشمیر میں کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔4مزید مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو روانہ ہو گئے ہیں۔ جس کے بعد صحت یاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 32ہو گئی ہے جبکہ 23مریض ابھی ایکٹیو ہیں جن میں ڈڈیا ل میں 2،باغ میں 1 ،راولاکوٹ میں 9،پلندری میں 9 جبکہ 2کیسز مظفرآباد میں ہیں۔