دیہی فیڈرز کو صرف 6 گھنٹہ بجلی فراہم کرنا ناقابل قبول ہے

157

نوشکی( این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی نے اپنے بیان میں دیہی فیڈرز کے ساتھ واپڈا کیسکو کے ناروا سلوک اور عوام دشمن پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیہی فیڈرز کو صرف 6 گھنٹے بجلی فراہم کرنا ناقابل قبول ہے، 6 گھنٹے میں بھی بجلی انتہائی ناقص ہوتی ہے اور بجلی وولٹیج کی انتہائی کمی کی وجہ سے نہ زرعی صارفین اپنی فصلوں کو پانی فراہم کرسکتے ہیں اور نہ ہی گھریلو صارفین اپنی روزمرہ ضروریات پورا کرسکتے ہیں، شدید گرمی میں دیہی فیڈرز کو صرف 6 گھنٹے بجلی کی فراہمی اہل نوشکی کے ساتھ مکمل زیادتی اور ناقابل برداشت عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیہی علاقے شدید گرمی میں بجلی سے محروم اور کربلا کا منظر پیش کرنے لگے ہیں ایک جانب کورونا وائرس کے باعث لاک ڈائون سے نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے تو دوسری جانب واپڈا لوگوں کے ذریعہ معاش پر حملہ آور ہوچکی ہے واپڈا کے ظلم و ستم کی کارستانیوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں اگر دیہی فیڈرز کے ساتھ کیسکو نے ظلم و زیادتی کا بازار ختم نہ کیا تو نوشکی کے تمام دیہی فیڈرز واپڈا کو بجلی واجبات کی فراہمی روکنے پر مجبور ہو جائیں گے، نوشکی کے عوام کے ساتھ واپڈا مذاق اڑا رہی ہے جس کی ہم ہرگز اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ واپڈا چیف بلوچستان کے عوام کے صبر کا تماشا نہ بنائے بلوچستان کے عوام ہرگز ظلم و زیادتیوں کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے اور اپنے حق کیلیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔