سرجانی ٹاؤن میں5 لڑکے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

569

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے سرجانی میں 5 لڑکے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ریسکیو ٹیموں کے مطابق سرجانی کے علاقے سیکٹر 7 اے میں 7 بچے تالاب میں نہا رہے تھے،تاہم پانی کی سطح زیادہ ہونے کےباعث بچے توازن نہ رکھ سکیں اور 5 لڑکے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

امدادی ٹیموں کے مطابق جاں بحق لڑکوں کی عمریں 9 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مرنے والوں میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق ہونے والے پانچوں بچے زیر تعمیر عمارت کے لیے کھودے گئے گڑھے میں نہا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ زیر تعمیر عمارت کے مالک کی تلاش جاری ہے۔ حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر مالک کے خلاف قانون کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کچھ عرصے قبل کراچی کے علاقے سبزی منڈی کے قریب کھیل کود کے دوران جوہڑ میں ڈوب کر تین کمسن بھائی جاں بحق ہو گئے تھے۔