کراچی میں رمضان کا آغاز ہوتے ہی گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ

433

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں رمضان المبارک کے پہلے روز مکینوں کو افطاری کے وقت بجلی و گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑا رہاہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں عصر کے بعد سے گیس بالکل غائب ہوگئی جس کی وجہ سے افطار ی بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔اسی دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی ہوئی جس کی وجہ سے گھروں میں اندھیرا ہوگیا اور لوگ اندھیرے میں ہی افطار کرنے پر مجبور رہے۔

متاثرہ علاقوں میں لائنز ایریا، گلبرگ بلاک 12 سمیت فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس سمیت ملیر، لانڈھی، کورنگی، صدر، اورنگی، لیاقت آباد،گلستان جوہر کے مختلف بلاکس سمیت مختلف علاقے شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے بعد سے مکینوں کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا نہیں پڑ رہا تھا البتہ آج اہم موقع پر اچانک ایسی صورت حال پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے لوگ پریشانی کا شکار ہوگئے۔

کے الیکٹرک یا سوئی سدرن گیس کی جانب سے لوڈ شیڈنگ پر تاحال کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جب لاک ڈاؤن کے دوران تمام کاروباری مراکز، بازار اور صنعتیں بند ہیں تو پھر شہر میں لوڈشیڈنگ کیوں کی جارہی ہے۔