شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن،9 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

548

شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی،خیسورہ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لانس نائیک عبدالوحید اور سپاہی سکوم داد شامل ہیں۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔شہید لانس نائیک عبدالوحید کاتعلق مظفرآباد سے ہے،شہید سپاہی سقم داد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

لانس نائیک عبدالوحید شہید کی عمر29 سال اور تعلق مظفرآباد کے علاقے راج کنڈی سے تھا،لانس نائیک عبدالوحید کے لواحقین میں زوجہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

سپاہی سکوم داد شہید کی عمر33 سال اور تعلق چھانگلہ گلی ایبٹ آباد سے ہے، سپاہی سکوم داد کے اہلخانہ میں زوجہ، ایک بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے کی سرچنگ کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے 20 اپریل کو آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے دس کلومیٹر دور دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک جوان شہید 3 زخمی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 13 اپریل کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔