کنسٹرکشن بورڈ غیرآئینی،بااثر ٹھیکدار متحرک ہیں،ٹرانسپیرنسی

403

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ کا قیام غیرآئینی ہے۔ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (کیپ) کے با اثر کنٹریکٹر بل منظور کروانے کے لئے متحرک ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں تعمیراتی صنعت کو فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاروں سے ان کے سرمایہ کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا اور اس کے لیے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹریکٹرز کو لائسنس دینے کا اختیار پہلے سے پاکستان انجنئیرنگ کونسل کے پاس ہے۔

کنسٹرکشن بورڈ کی تشکیل سے پاکستان انجنئیرنگ کونسل اور پیپرا عملا غیرفعال ہوجائیں گے اور تمام انجنئیرنگ اداروں کو کیپ کے پسندیدہ کنٹریکٹرز کو قبول کرنا پڑے گا۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کا قیام غیرآئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا واحد ادارہ ہوگا جو اپنے کام کا خود ہی ایمپائر ہوگا۔

اس کی تشکیل سے کنسٹرکشن انڈسٹری میں کرپشن ہوگی اور کنسٹرکشن انڈسٹری چند سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے کنٹریکٹرز کے ہاتھ میں چلی جائے گی۔بورڈ میں نان انجنئیرکنٹریکٹرزکی اکثریت ہونے کے باعث یہ غیرجانبدارانہ کام نہیں کرسکے گا۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے بورڈ پر اپنے تحفظات حکومت کو بھی بھجوا دیے ہیں۔