یوٹیلیٹی اسٹورز پر شہریوں کو کم قیمتوں پر غذائی اجناس فراہم نہیں کی جا سکیں

591

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)وفاقی حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کیلئے رمضان پیکیج کرپشن کی نظر ہو گیا،یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے حکومت سےڈھائی ارب روپے کی سبسڈی تو حاصل کر لی مگر شہریوں کیلئے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر سبسڈی کی حامل بنیادی اشیاتاحال دستیاب نہیں ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے17اپریل کو رمضان پیکیج کے تحت کم قیمتوں پر اشیائے ضروریہ دینے کا اعلان کیا تھا مگر9روز گذر نے کے باوجود یوٹیلٹی اسٹوروں کو مختلف اقسام کی دالیں،چاول،بیسن اور کھجور فروخت کیلئے فراہم نہیں کی جا سکیں۔

جس کی وجہ سے شہری اوپن مارکیٹ سے دالیں،بیسن،چاول اور کھجوریں مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بدترین نااہلی سامنے آگئی 17اپریل سے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر سستی اشیاء کی فروخت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔

اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ کارپوریشن کراچی کے یوٹیلیٹی اسٹوروں کو رمضان پیکیج کے تحت مختلف اقسام کی دالیں،بیسن،چاول اور کھجوریں فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے جبکہ شہر کے کئی یوٹیلیٹی اسٹوروں سے آٹا اور چینی بھی غائب ہے۔

سبسڈی کے نام پر شہریوں کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ جاری ہے،شہر قائدکے یوٹیلٹی اسٹورز میں خالی ریک سستی اشیا کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کا رخ کرنیوالے شہریوں کو منہ چڑارہے ہیں۔

شہریوں نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب سے حکومت نے رمضان پیکیج کے تحت بنیادی اشیا کی سستے داموں فراہمی کا اعلان کیا ہےاس وقت سے آج تک 9 روز گذر جانے کے باوجود یوٹیلیٹی اسٹوروں سے انہیں مختلف اقسام کی دالیں،بیسن،چاول اور کھجوریں نہیں مل رہیں۔

اسٹورز انچارج ان مصنوعات کی تاحال سپلائی نہ ہونے کا رونا رو رہے ہیں۔خریداروں نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بدانتظامی کی بھی شکایت کی اور بتایا کہ اشیاپرقیمتوں کے ٹیگ نہیں لگائے گئے اور جو اشیا ہم خرید رہے ہیں ۔ان اشیا کے نام کے بجائے جنرل آئیٹم لکھ کر اس کی رسید فراہم کی جارہی ہے۔

نارتھ کراچی مکہ ہوٹل،انڈا موڑ، گلستان جوہر،جامعہ کراچی سمیت شہر بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لیے آنے والے شہریوں نے مطلوبہ اشیا نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ عام بازاروں میں گراں فروشی عروج پر ہے۔

اس لیے یوٹیلٹی اسٹور سے ریلیف ملنے کی توقع تھی تاہم یہاں بھی سبسڈی کے نام پر شہریوں کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔