لاک ڈائون میں نرمی سے مقامی سطح پر کورونا کیسز میں اضافہ ہوا

207

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ لاک ڈائون میں نرمی کی وجہ سے مقامی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے حکومت کو سخت فیصلے کرنا ہوں گے، ڈاکٹرز نے مکمل لاک ڈائون یا پھر 15 دنوں کا کرفیو نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میںلاک ڈائون میں نرمی کے باعث مقامی سطح پر کورونا وائرس مزید پھیلنے لگا ہے، جس کی وجہ سے ینگ ڈاکٹرز نے بھی لاک ڈائون کے حوالے سے تحفظات اور خدشات کا اظہار کردیا۔ ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر یاسر کا کہنا ہے کہ موجود صورتحال میں حکومت کو مزید سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبے میں مکمل لاک ڈائون یا پھر 15 دنوں کے لیے کرفیو نافذ کیا جائے۔ ڈاکٹر یاسر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کو صحت کا بجٹ بڑھا کر ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹرز بھرتی کرنا ہوں گے، کیونکہ موجود کورنا کی صورتحال میں 31 ڈاکٹرز، پانچ پیرا میڈیکل اور تین نرسنگ اسٹاف کورونا کے شکار ہوچکے ہیں۔