بدین، راشن کی تقسیم کے دوران حکومتی ایس او پیز پر عمل نہ ہوسکا

162

بدین (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کو رات کے اندھیرے میں مختلف علاقوں میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ رات دیر گئے وارڈ نمبر ایک کے علاوہ دیگر بستیوں میں راشن کی تقسیم کے دوران حکومتی ایس او پیز پر کہیں پر عمل درآمد نظر نہیں آیا اور راشن کی تقسیم کرنے والے عملے اور لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر راشن تقسیم کرتے اور لیتے رہے ہر جگہ راشن لینے اور راشن سے محروم رہ جانے والوں کا رش اور ہجوم رہا۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے جو ایس او پیز بنائی ہیں ان پر عمل کروانا بھی انتظامیہ کا کام ہے مگر انتظامی عملہ بھی حکومتی احکامات پر عمل کروانے کے بجائے خلاف ورزی کرتا نظر آرہا ہے۔ دوسری جانب راشن کی تقسیم کے دوران محنت کش افراد کی جانب سے راشن کی غیر منصفانہ تقسیم پر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مقامی غریب بستیوں کے مکینوں کی جانب سے الزام عائد کیا کہ حکومتی جماعت مستحقین کے بجائے اپنے من پسند افراد میں راشن تقسیم کررہی ہے، ہر وارڈ اور یونین کونسل میں راشن کے مستحق تین تین سو کی فہرست تیار کی گئی مگر راشن صرف تیس تیس افراد کو وہ بھی من پسند افراد کے علاوہ کمیٹی کے اراکین اور تنخواہ دار سرکاری ملازمین میں راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔