آئندہ بجٹ میں شعبہ صحت کیلیے فنڈ کا اجرا ترجیح ہے ،محمود خان

83

پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صحت کے شعبے کو صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں صحت کے شعبے کو مستحکم بنانے اور ہیلتھ انفراسٹرکچر کو موجودہ صورتحال کے تقاضوں اور ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کیلیے سب سے زیادہ فنڈ مختص کیے جائیں گے۔ وہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے مجوزہ ابتدائی خدوخال اور ترجیحاتی شعبوں کے تعین سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کے علاوہ چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے لیے صحت، ریلیف، سماجی بہبود، تعمیرات اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے شعبے صوبائی حکومت کی پہلی ترجیحات ہونگی جن کے لیے مناسبت سے فنڈز مختص کیے جائیں گے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ منصوبہ بندی کو مختلف محکموں سے اگلے ترقیاتی پروگرام کے لیے منصوبوں کی تجاویز کی وصولی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔