لیویز تھانوں میں پولیس کی تعینا تی توہین عدالت ہے، عوامی نیشنل پارٹی

83

کوئٹہ (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی نے ضلع کوئٹہ کے بی ایریا میں لیویز تھانوں میں پولیس فورس تعینات کرنے کی مذمت اوراسے توہین عدالت کا مرتکب عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوامی مفاد کے برعکس اقدامات سے گریز کرے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیویز ایریا کو پولیس ایریا میں تبدیل کرنے کے خلاف عدالت عالیہ میں کیس زیر سماعت ہے جب تک عدالت عالیہ سے فیصلہ نہیں آتا اس وقت تک لیویز تھانوں کو پولیس کی تحویل میں دینا توہین عدالت ہے، عوامی مفادات کے برعکس اقدامات اٹھانے سے گریز کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کرینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر کے 90 فیصد علاقے میں لیویز نے امن وامان کوکنٹرول کیا ہواہے اور انتہائی کم اخراجات میں وہ اپنی ذمے داریاں بخوبی احسن سرانجام دے رہے ہیں، جرائم کی شرح پولیس ایریا کے مقابلے میں لیویز ایریا میں بہت کم ہے لیویز فورس قبائلی رسم ورواج سے آشنا ہے لہٰذا اس تمام تر صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ لیویز فورس کو جدید آلات ٹریننگ اور ان کی ضروریات کو پورا کیا جائے حکومت لیویز تھانوں کو پولیس کے حوالے نوٹیفکیشن فی الفور منسوخ کریں۔