ایل او سی پر بھارتی جارحیت ،خاتون شہید،بچی زخمی،پاک فوج کی جوابی کارروائی

169

تتہ پانی ،سیری(صباح نیوز) کنٹرول لائن پر تتہ پانی گوئی اورکھوئی رٹہ سیکٹروں میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے ایک خاتون شہید جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔بھارتی فوج کی فائر نگ اور گولہ باری سے گھروں کی کھڑکیاں دروازے لرزاٹھے۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ پاک فوج کی منہ توڑ جوابی کاروائی، دشمن کی گنوں کو خاموش کر دیا ۔صباح نیوز کے مطابق پیر کے روزدن دس بجے کے قریب لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی گوئی سیکٹر میں واقع گائوں رڈ میں ایک خاتون یاسمین اختر زوجہ شیراز احمد جو اپنے کھیت میں گھاس کاٹ کررہی تھی کہ اُسے بھارتی فوج نے ٹارگٹ فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں گولی اسکے سینے میں لگی اور وہ موقع پر شہید ہوگئی ۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف وہراس پیدا ہوگیا۔علاوہ ازیں کھوئی رٹہ سیکٹر لائن آف کنٹرول کے سرحدی گائوں چتر ، بھینسہ گالہ ، ججوٹ بہادر میں بھارتی فوج نے سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے سحری کے وقت بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے ادیبہ ظہیر ولد ظہیر احمد قوم مغل ساکن چتر زخمی ہو گئی جس کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی ادیبہ کو ڈسٹر کٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال کوٹلی ریفر کر دیا گیا۔ ادھر پاک فوج نے بھارت کو منہ تو ڑ جواب دیتے ہوئے ان کی پوسٹوں کا نشانہ بنایا جس کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں ۔ علاوہ ازیںپاکستان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل اوسی پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ خیال رہے کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل او سی کے قریب کھوئی رٹہ اور جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی اور خود کار ہتھیاروں اور راکٹوں سے جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا ہے۔