حافظ نعیم الرحمن کی ڈوب کر جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ملاقات وتعزیت

289

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سرجانی ٹاؤن میں پانی کے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے پانچ بچوں کے گھرجا کر لواحقین سے ملاقات و تعزیت اور دعائے مغفرت کی ہے۔

اس موقع پر امیر ضلع شمالی محمد یوسف، ناظم علاقہ مشتاق احمد، ناظم حلقہ محمد یونس،سیکریٹری اطلاعات نیک محمد،بچوں کے رشتے دار،جماعت اسلامی کے کارکنان اور بڑی تعداد میں اہل محلہ موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کے بیچ میں بلڈر مافیا اور واٹر بورڈ کی ملی بھگت سے اتنا بڑا گڑھا موجود تھا لیکن کسی نے اس ممکنہ خطرے کا نوٹس نہیں لیا جس کی وجہ سے بیک وقت پانچ معصوم بچے جان سے چلے گئے۔

افسوس کا مقام ہے کہ اس سانحے کے بعد نہ تو کوئی سرکاری محکمے کا کوئی ذمہ دار آیا نہ ہی آئندہ کے حوالے سے ایسے واقعات کی روک تھام کا کوئی بندوبست کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک سا تھ پانچ معصوم جانوں کا ختم ہو جانا انتہائی تکلیف دہ صورتحال ہے، ان معصوم بچوں کے انتقال کا سب کو دکھ ہے،ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلڈرسے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس گڑھے کو فوری صاف کروایا جائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات جنم نہ لے سکیں۔