سندھ حکومت نے مزيد 153 فيکٹريوں کو کام کرنےکی اجازت دے دی

434

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے مزيد ايک سو ترپن فيکٹريوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔کام کرنے والوں کو ايس او پيز پر لازمی عمل درآمد کرنا ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے 27 اپریل کو جاری نوٹی فکیشن کے مطابق گارمنٹس، ٹیکسٹائل اور لیدر گارمنٹ سميت ايک سو ترپن فيکٹريوں کو کام کی مل گئی ہے۔تمام فیکٹریوں کو سماجی فاصلوں کے ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی کرنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فيکٹرياں کھولنے کی اجازت سندھ لیبر ڈیپارٹمنٹ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے تصدیق کے بعد دی گئی۔جس کے بعد لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ برآمدی صنعتوں کی تعداد 373 ہوگئی۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے 52 فیکٹریاں کھولنے کی اجازت دی تھی،جس میں ضروری اشیا(خوراک اور ادویات) سے متعلق ای کامرس سرگرمیوں بھی شامل تھیں۔

فیکٹریاں کھولنے کیلئے سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے ایس او پیز مرتب کیا ہے،جس میں کراچی کے تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کیلئے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا تھا۔

بنیادی طور پر کاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13سیکٹرز کو3 درجوں میں تقسیم کیا گیا،ہر درجے میں شامل شعبہ ہفتہ میں 2 روز کیلئے کھولا جائے گا۔

پلان کے مطابق پہلے درجے میں4،دوسرے میں 4 اور تیسرے درجہ میں 5 شعبہ شامل ہیں۔بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کیلئے کھولے جائینگے۔

کریانہ، مرغی و گوشت کی دکانیں اور بیکریاں ہفتے میں 2 روز بند رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔صرف دودھ، سبزی پھل کی دکانوں اور میڈیکل اسٹورز کو پورا ہفتہ کھولنے کی اجازت ہے۔

ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والے بازار سیل کردیئے جائینگے،سندھ حکومت عید شاپنگ کیلئے 15 رمضان کے بعد مزید نرمی کریگی عید شاپنگ کیلئے نرمی انتظامیہ سے تعاون اور ایس او پی پر عمل درآمد سے مشروط ہوگی۔

پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے بھی جلد نرمی کا اعلان کیا جائیگا اور سندھ حکومت کے تمام ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا تاہم پلان پر عملدرآمد وزیراعلی سندھ کی اجازت سے مشروط ہے۔

حکومت نے ماہی گیروں کو کڑی شرائط پر کاروبار کی اجازت دیدی ہے، ماسک، سینیٹائزر اور سماجی فاصلوں کا خیال لازمی قراردیدیا گیا۔

اس ضمن میں سیکریٹری لائیو اسٹاک فشریز نے نیا نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ 12 اپریل کو ناقص انتظامات ہونے کی وجہ سے فشریز کو بند کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اسے 14 اپریل تک کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جس میں بعد ازاں مزید توسیع کردی گئی۔سندھ میں لاک ڈاؤن کےعمل کا آغاز 22 مارچ کو وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے ویڈیو کانفرنس میں کیا تھا۔