کراچی میں ٹینکروں سے مضر صحت پانی کی فراہمی

396

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ٹینکروں کے ذریعے مضر صحت پانی فراہم کرنےوالوں کیخلاف کارروائی کیلئے ایم ڈی واٹر بورڈ نے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا ہے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے اپنے خط میں انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں مافیا موجودہ حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پانی کی قلت کے شکار علاقوں میں غیر محفوظ پانی فروخت کررہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ زہریلا اور مضر صحت پانی حب کے علاقے ساکران اور ٹھٹھہ کے علاقے گھارو میں جوہڑوں، زیر زمین پانی کے غیر قانونی ہائیڈرنٹس سے بھر کر کراچی لاکر فروخت کیا جارہا ہے۔

خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زہریلے کیمیکل ملے پانی سے بھرے ٹینکر منگھوپیر،موچکو، گلشن معمار اور گھارو تھانے کی حدود سے شہر میں داخل ہوتے ہیں۔

انتہائی مضر صحت پانی کے ٹینکر شہر کی سڑکوں پر باآسانی فروخت ہورہے ہیں۔

ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان کا کہنا ہے کہ شہر میں بلا اجازت اور کھلے عام فروخت ہونے والا مضر صحت پانی کورونا وائرس کی موجودگی میں مزید بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔

جبکہ مضر صحت پانی واٹر بورڈ اور سندھ حکومت کی کورونا وائرس کیخلاف کوششوں کو بھی نقصان پہنچارہا ہے۔

رمضان المبارک کی آمد اور گرم موسم کے باعث پانی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے،جس کے باعث ٹینکرز مافیا اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کیلئے مضر صحت پانی شہریوں کو فروخت کررہی ہے۔