مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوج کا مظاہرین کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال

116

سرینگر(اے پی پی/آن لائن) مقبوضہ کشمیر لع پلوامہ میں پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اوران پر گولیاں چلائیں اور آنسو کے گولے داغے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقوں گوسو ، لارو اور کاکاپورہ میں لوگوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے محاصروں اورتلاشی کارروائیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جس کے بعد قابض فوج نے پرامن مظاہرین پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میںانٹرنیٹ سروس کی بحالی کے عالمی برادری کے مطالبات کی یکسر نظرانداز کرتے ہوئے 4 جی انٹرنیٹ پر پابندی میں11 مئی تک توسیع کردی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندیاں اشتعال انگیز وڈیوز اپ لوڈ یا ڈاؤن لوڈ کرنے ، افواہوں کو روکنے ، جعلی خبروں سے بچنے ، دراندازی اور مربوط کارروائیوں کے لئے خفیہ پیغامات اور VOIPسروس کے استعمال کو روکنے کے لیے عاید کی گئی ہیں۔سرینگر میں ایک خاتون کی کورونا وائرس کے باعث موت واقع ہوئی جس کے بعد سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہوگئی ، رینا واری علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کا چند روز قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، تاہم منگل ان کی موت واقع ہوئی۔ کورونا وائرس کے 19نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیںاوراِن سبھی مریضوں کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے ، اس طرح مثبت کیس کی کل تعداد565تک پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اب تک 68,262افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔