الخدمت کے رضا کار مستحقین کی خدمت میں دن رات مصروف ہیں،مولانا عبدالحق

110

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن جماعت اسلامی نے بلوچستان میں لاک ڈائون کے دوران مستحقین میں اب تک ایک کروڑ اسی لاکھ روپے کے راشن تقسیم کیے ہیں، جن میں ایک کروڑ بارہ لاکھ روپے صوبے کے مخیر حضرات نے معاونت کیے۔ کوئٹہ سمیت تین ہزار مقامات پر جراثیم کش اسپرے کیے گیے، ڈیڑھ سو رضا کار ریلیف ورک میں سرگرم عمل ہیں، صوبے میں تیرہ ہزار ماسک، بیس ہزار آگہی بروشر، بارہ ہزار حفاظتی کٹس، نو ہزار راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ مخیر حضرات ہمارے پراجیکٹ، خدمات کو جاری وبہتر کرنے کے لیے خصوصی تعاون کریں۔ الخدمت نے صوبہ بھر میں دیانت وامانت کا نام حاصل کرلیا، ان شاء اللہ آخرت میں بہتر صلہ وبدلہ تمام ساتھ دینے وخدمت کرنے والوں کو ملے گا۔ دکھی انسانیت کی خدمت سے ہی سکون و اطمینان ترقی وخوشحالی ملے گی۔ کورونا سے بچنے کے لیے عوام صفائی، احتیاط، اللہ سے رجوع، خصوصی عبادات کا اہتمام کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔ میڈیا سنسنی پھیلانے کے بجائے ایک دوسرے کی مدد، حوصلہ، ہمت، تربیت اور اللہ سے رجوع کرنے کے لیے پروگرامات نشر کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت وجماعت اسلامی کے صوبائی ذمے داران سے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی صدر انجینئر جمیل احمد کرد، جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمن بلوچ، بشیر احمد ماندائی، مولانا عبدالکبیر شاکر، ڈاکٹر عطاالرحمن، حافظ محمد اسماعیل مینگل، حاجی سلطان محنتی، حافظ صفی اللہ، پروفیسر سلطان محمد کاکڑ، حافظ خالد الرحمن شاہوانی، عبدالولی خان شاکر ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں الخدمت فائونڈیشن کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد نے الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی جبکہ دیگر ذمے داران نے بھی اپنی اپنی تنظیمی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کورونا لاک ڈائون شروع ہوتے ہی الخدمت فائونڈیشن جماعت اسلامی صوبہ بھر میں فعال رہی۔ صوبہ کے تمام اضلاع میں راشن تقسیم ہوئے، اسپرے، حفاظتی کٹس کی تقسیم کا کام بھی بحسن وخوبی جاری رہی۔ مخیر حضرات نے بھی دل کھول کر جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن پر اعتماد کیا ان شاء اللہ مخیر حضرات کے اعتماد کے مطابق ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذمے داران نے کہا کہ الحمد اللہ جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن نے کورونا لاک ڈائون شروع ہوتے ہی پورے ملک کی طرح بلوچستان بھر میں سرگرمیوں کا آغاز کیا جو آج تک جاری ہیں ان شاء اللہ رمضان المبارک میں راشن کی تقسیم، حفاظتی اسپرے ودیگر سرمیاں جاری رہے گی۔ الخدمت کے دیگر پراجیکٹس کفالت یتامیٰ، پینے کے صاف پانی، تعلیم و صحت کے حوالے سے عوام مخیر حضرات سے فنڈز ریزنگ بھی کیا جائے گا۔ لاک ڈائون کی پابندی اور احتیاط ضروری ہے حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوئی جس کی وجہ سے عوام لاک ڈائون کی پابندی نہیں کررہی۔ الخدمت فائونڈیشن جماعت اسلامی نے ملک بھر کی طرح بلوچستان بھر میں متاثرین، مستحقین کی دل کھول کر مدد کی رضاکاروں نے جان کی پروا کیے بغیر دن رات محنت کرکے مستحقین کو راشن، ملازمین، ڈاکٹرز اور صحافیوں سمیت مختلف طبقات کو حفاظتی کٹس پہنچائی کوئٹہ سمیت مختلف مقامات پر حفاظتی اسپرے کیے، جس سے عوام کی مشکلات و پریشانی میں کافی حد تک کمی آئی میڈیا اور حکومت سے خوف وہراس پیدا کیا مگر نہ قوم کو تسلی و آگاہی دی اور نہ تعلیم وتربیت کے حوالے سے کچھ کیا، جس کی وجہ سے عوام کی زیادہ تر تعداد اب کورونا کے خوف میں مبتلا ہو ذہنی مریض بن گئے ہیں۔ مخیر حضرات ورضاکاروں کے تعاون سے جماعت اسلامی، الخدمت فائونڈیشن رمضان المبارک میں بھی ریلیف کا کام جاری رکھا ہے۔