سندھ حکومت کا ٹرانسپورٹرز کو اجازت دینے سے انکار

246

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کےدوران ٹرانسپورٹرز کو اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

جمعرات 30 اپریل کو ٹرانسپورٹ یونینز کے ساتھ اجلاس ہوا ہے جس میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کےلئے ایس او پیز پر مشاورت ہوئی۔

میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے کہا کہ جب تک لاک ڈاؤن ہے ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی رہے گی۔

اویس قادر شاہ نے کہا کہ ہم سے زبردستی گڈز ٹرانسپورٹ کھلوائی گئی جو کہ ایس او پی کے بغیر چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر بالکل بھی عمل نہیں ہو رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ جو سیکٹرز رہ گئے انہیں بھی ریلیف دیں گے۔

ٹرانسپورٹرز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جب سندھ حکومت لاک ڈاؤن ختم کرے گی تب وہ ایس او پیز کے تحت کام شروع کریں گے۔

واضح رہے کہ ٹرانسپورٹرز نے احتیاطی تدابیر کےساتھ ٹرانسپورٹ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔