مقبوضہ کشمیر میں مزید 2نوجوان شہید‘ متعدد مظاہرین زخمی‘ لاک ڈاؤن سخت

211

سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فوج نبے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع پلوامہ کے علاقے ڈانگر پورہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران مزید 2کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج نے علاقے میں ایک رہائشی مکان بھی بارودی مواد کے ذریعے تباہ کردیا۔ جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعدادنے سڑکوں پرنکل کر زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ انہوںنے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فورسز نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے پیلٹ برسائے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں نوجوان زخمی ہو گئے جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔فورسز نے ضلع کپواڑہ کے علاقے چھانجھ ملہ میں بھی اسی طرح کا آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ جموں وکشمیر اسلامی تنظیم آزادی کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہید کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فوج طرف سے مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے قتل ، گھروں کی تباہی اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اسلامی تعاون تنظیم اور دنیا بھر کی آزادی و انصاف پسند اقوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کا مزید قتل عام روکنے کی خاطر تنازع کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر اور کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف دنیا کورونا وائرس کی وبا اور شدید معاشی بحران کی زد میں ہے تو دوسری طرف بھارت نے موقع غنیمت جان کر مقبوضہ کشمیر میں لوگوں پر مظالم ڈھانے کا نیا سلسلہ شروع کردیا ہے جو پہلے ہی 8ماہ سے زیادہ طویل فوجی لاک ڈائون کے نتائج بھگت چکے ہیںاور کورونا لاک ڈائون کی آڑ میں کشمیریوں پر عرصہ حیات مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔مضمون میں کہا گیا ہے کہ بھارت اپنی حکمرانی کے خلاف بڑھتی ہوئی مزاحمت کو روکنے کے لیے کورونا وائرس کیخلاف اقدامات کے نام پر عسکریت پسندوںکو نشانہ بنانے، لوگوں کو کھانا اور ادویات خریدنے کے لیے باہرجانے پر جیل بھیجنے، صحافیوں کے خلاف الزامات عاید کرنے ، اور ڈاکٹروں ، معاون طبی عملے اور میونسپل ورکرز کو زدوکوب کرنے جیسے اقدامات کے ذریعے کشمیر پراپنی گرفت مضبوط کررہا ہے۔