پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ مہینے کے دوران صوبے میں سرکاری سطح پر کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کو 40 ٹیسٹ یومیہ سے بڑھا کر 1500 ٹیسٹ یومیہ کر دیا گیا ہے جبکہ عنقریب اس تعداد کو 2 گنا کر دیا جائے گا، کورونا ٹیسٹنگ کیلیے صوبائی حکومت کی پالیسی سے کورونا کے مریضوں کی بروقت تشخیص ممکن ہوسکے گی اور اس طرح اس وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ان سے ملاقات کی اور صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی موجودہ استعداد اور آنے والے دنوں میں اسے مزید بڑھانے سے متعلق مختلف اُمور اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ کو کورونا ٹیسٹنگ کیلیے محکمہ صحت کی نظرثانی شدہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد نجی طبی اداروں کی شراکت سے کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کو بڑھا کر 5 ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے پر کام جاری ہے۔ کورونا ٹیسٹنگ کیلیے محکمہ صحت کی نظر ثانی شدہ پالیسی کو اس وبا سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہو ئے وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ اس پالیسی کے گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نظرثانی شدہ پالیسی میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے عملے کو ٹیسٹنگ کے لیے پہلی ترجیح پر رکھنا موجودہ صورتحال کی اشد ضرورت تھی جس سے ان فرنٹ لائن ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔