شہریوں‌ کے لیے خوشخبری،نادرا دفاتر کل سے کھولنے کا اعلان

502

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کل پیر سے کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام دفاتر شہریوں کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی کے تین میگا سینٹرز بھی کل چار مئی سے ایک شفٹ کے لیے کھول دیے جائیں گے جبکہ صوبے کے تمام نادرا دفاتر بھی شہریوں کے لیے کھول دیے جائیں گے۔

نادرا کے مطابق میگا سینٹر سمیت دیگر دفاتر کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 10 سے دوپہر4 بجے تک ہوں گے جبکہ جمعے کو دفتری اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نادرا دفاتر آنے والے سائلین کو احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا، شہریوں کو سماجی دوری کو برقرار رکھنے کے لیے متعین کردہ طریقوں پر عمل کرنا لازم ہوگا جبکہ سائلین اور تصدیق کنندہ کو بھی چہرے کا ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیاہے۔

نادرا نے ملازمین کو پابند کیا ہے کہ وہ دوران ڈیوٹی ماسک اور دستانوں کے استعمال کو یقینی بنائیں،دفاتر میں رجسٹریشن کے ہر عمل کے بعد انگلیوں کے نشانات لینے والی مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل نادرا میر عجم کا کہنا ہے کہ عوام سے التماس ہے کے دفاتر وہ لوگ آئیں جن کا بائیو میٹرک یا ترمیم وتنسیخ کا مسئلہ ہو،4 مئی کو دفتر فعال ہونے پر نئی رجسٹریشن اور بائیو میٹرک کی تصدیق کروانے والے سائلین کو ترجیح دی جائے گی،شناختی کارڈز کی وصولی کے لیےتمام شہری 15 مئی کے بعد رجوع کریں۔

میر عجم کا کہنا تھا کہ ستمبر 2019سے30 جون 2020تک زائد المعیاد شناختی کارڈ کی مدت رواں سال یکم جولائی تک بڑھائی جاچکی ہے،اسی طرح نائی کوپ اور پی او سی کے حامل شہری قطاروں سے بچنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس کا استعمال کریں۔