مجاہدین نے بھارتی کرنل اور میجر سمیت5فوجی ماردیے

538
سری نگر: مجاہدین سے جھڑپ میں مارے جانے والے بھارتی فوجی افسران واہلکاروں کی لاشیں رکھی ہوئی ہیں

سرینگر(کے پی آئی+آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین نے بھارتی کرنل اور میجر سمیت 5فوجی ہلاک کردیے۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ اور ہندواڑہ میں شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں 4مجاہدین بھی جام شہادت نوش کرگئے۔بھارتی فوج کی جانب سے جاری مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوجی مجاہدین کے حملے کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں کرنل آشوتوش شرما ، میجر انوج سود ،نائک راجیش اور لانس نائک دنیش نامی فوجی ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ ٹیم میں شامل جموں کشمیر پولیس کی ایس او جی ونگ کا ایک سب انسپکٹر بھی ہلاک ہوگیا۔ کرنل شرما21آر آر کا کمانڈنگ آفیسر تھا ۔کرنل شرما کا تعلق اتر پردیش کے بلند شہر جبکہ میجر سود کا تعلق چندی گڑھ سے تھا۔گزشتہ 5برس کے دوران ہلاک ہونے والا کرنل رینک کا یہ پہلا بھارتی فوجی افسر ہے۔ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ 2 روز سے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا کام شروع کررکھا تھااور تمام داخلی و خارجی راستوں کو بند کیا گیا ۔ ضلع پلوامہ میں قابض فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب فورسز نے ڈانگر پورہ گاؤں میں تلاشی آپریشن شروع کیا اور مجاہدین نے فوج پر جوابی گولیاں چلائیں اور خونریز معرکہ 16 گھنٹے تک جاری رہا جس میں بھارتی فوج کا بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔علاقے میں مقامی نوجوانوں نے بھارتی فورسز پر پتھراؤ بھی کیا بھارتی فوج نے کی جانب سے پیلٹ گن سے فائرنگ کے نتیجے میں 30 نوجوانوں زخمی ہوئے ۔قابض فوج نے مجاہدین کی جائے پناہ کے شبہ میں وقفے وقفے سے 3 گھروں کو بھی بارودی مواد سے تباہ کیا۔بھارتی فوجیوں نے بڑا نقصان اٹھانے کے بعد بیج بہاڑہ، کپواڑہ، شوپیاں، اسلام آباد، کولگام، پلوامہ کٹھوعہ، سامبا، کشتواڑ، ڈوڈہ، راجواری ااور پونچھ کے اضلاع میں پرتشدد کارروائیاں کیں اور عام کشمیریوں پر غصہ اتارا۔