کڈنی ہل پارک میں219 فٹ بلندی پرسفیدپرچم لہرا دیا گیا

308

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک میں کورونا وائرس کیخلاف جنگ لڑنے والے مسیحاؤں بالخصوص ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کڈنی ہل پارک میں شہر کے سب سے اونچے مقام 219 فٹ بلندی پر سفیدپرچم لہرا دیا گیا۔

میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسید سیف الرحمن نے نثار احمد (پرچم) والے اور محکمہ فائربریگیڈ کے افسران کے ہمراہ 12 فٹ لمبا اور 18 فٹ چوڑا سفید پرچم لہرایاہے۔

اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے حفاظتی اقدامات کے تحت جہاں ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے وہیں ڈاکٹرز، رضاکار اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج میں مصروف ہیں۔

سفید پرچم لہرانے کا مقصد پاکستان بھر کے ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو یہ پیغام دینا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور اس شہر کے رہنے والے اپنے ان ہیروز کے ساتھ ہیں جو اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفید پرچم لہرانے کا مقصد پاکستان بھر کے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی شعبے سے وابستہ ہر سپاہی کو دوسروں کی خاطر خود کوخطرے میں ڈالنے پر سلام پیش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور اسپتالوں کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنا کام محنت، ایمانداری اور تندہی سے انجام دے سکیں۔

ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے جس طرح اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے کام کیا ہے اس سے لوگوں میں بھی ایک نیا جذبہ پیدا ہوا ہے۔

میٹروپولیٹن کمشنر نے کہا کہ اقوام عالم کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے ایسے میں ہمیں اپنے خدمت خلق کے جذبے کو اجاگر رکھنا ہے اور جو لوگ یہ کام انجام دے رہے ہیں ان کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی کا عمل بھی جاری رکھنا ہے۔

میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتالو ں میں فنڈز اور وسائل کی کمی کے باوجود ہمارے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے اپنے فرائض انجام دیئے اور انتہائی دلجمعی کے ساتھ وہ اس وباء سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہیں،اس موقع پر انہوں نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے دعا بھی کی۔