نادرا دفاتر 43دن بعد کھل گئے،شہریوں کی لمبی قطاریں

415

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر میں نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کےدفاتر کھل گئے، کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود نادرا دفاتر کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئيں،شناختی کارڈ کی وصولی کیلئے 15 مئی کے بعد رجوع کرنا ہوگا۔

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نادرا دفاتر کو 43روز بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد دفاتر کے باہر امڈ آئی۔ نادرا میگا سینٹر کے باہر سماجی فاصلے کی ہدایات کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔شہریوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

نادرا میگا سینٹرمیں آنیوالے سائلین کا کہنا ہے کہ صبح سے آئے ہوئے ہیں۔رمضان المبارک میں بھی عوام کی سہولت کےلئے نادرا میگا سینٹر کے باہر بیٹھنے کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے۔بائیو میٹرک تصدیق کے لیے آئے شہری بھی شکوہ کناں نظر آئے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 23 مارچ کے بعد سے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں نادرا دفاتر بھی بند تھے،43 دن بعد نادرا دفاتر کھلے تو شہریوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی،دھوپ اور روزے کے باوجود نادرا سہولت سینٹرز کے باہر لوگوں کا رش لگ گیا۔

دفاتر کے اندر کورونا سے بچاؤ کی تدابیر پر عملدر آمد لیکن باہر سماجی فاصلے کی ہدایت پر کسی نے عمل نہیں کیا،سب سے زیادہ احساس پروگرام میں شناختی کارڈ اور انگوٹھے کے نشانات والے متاثرین داد رسی کیلئے پہنچے۔

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)سینٹرز میں داخلے کیلئے ماسک لگانا،درجہ حرارت چیک کروانا،ہاتھوں پر سینی ٹائزر لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ترجمان نادرا کے مطابق نئی رجسٹریشن اور بائیومیٹرک تصدیق کرانیوالےسائلین کو ترجیح دی جائے گی،شناختی کارڈ کی وصولی کیلئے 15 مئی کے بعد رجوع کرنا ہوگا۔

ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ پی او سی اور نائیکوپ کارڈ بنوانے والے آن لائن اپلائی کریں،انہیں گھر بیٹھے کارڈز مل جائیں گے،احساس پروگرام والے نادرا دفاتر آسکتے ہیں،تاہم دھوپ اور رمضان کی وجہ سے زیادہ رش جمع نہ کریں، کورونا سے بچاؤ کی تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کررہے ہیں۔

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے ہفتے کے روز دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ ہفتے کو نادرا دفاتر کی چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ عوام کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نادرا دفاتر ہفتے کو معمول کے مطابق مقررہ اوقات پر کھلے رہیں گے۔

نادرا نے زائد المیعاد شناختی کارڈ کی مدت بھی جولائی تک بڑھا دی ہے،صارفین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دفاتر آمد سے قبل معلومات کے حصول کیلئے 7000 پر رابطہ کریں۔