ابوظہبی سےآئے100 سے زایدمسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے

309

متحدہ عرب امارات سے پاکستان آنے والے 200 میں سے 100 سے زایدمسافروں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔فلائٹ گزشتہ ماہ 28 اپریل کو اسلام آباد پہنچی تھی۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق 28 اپریل کو ابوظہبی سے اسلام آباد لائے گئے 200 مسافروں میں سے 100 سے زائد مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔مسافروں کو وطن واپسی پر ٹیسٹ کے بعد قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

تمام مسافر اماراتی ایئرلائن کی فلائٹ ای وائی 321 کے ذریعے ابوظہبی سے اسلام آباد پہنچے تھے۔پاکستان آمد پر ایئرپورٹ پر تمام مسافروں کی جدید خودکار اسکینر کے ذریعے اسکریننگ بھی کی گئی تھی۔

ایس او پی کے تحت محکمہ صحت کی ٹیم نے تمام مسافروں کو قرنطینہ منتقل کردیا تھا۔قرنطینہ کے دوران مسافروں کے سوئپ ٹیسٹ لئے گئے تھے جو این آئی ایچ بھجوائے گئے۔

جس کے بعد 100 سے زاید مسافروں کی ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آ گئی ہے۔مسافروں کو اسلام آباد کی فاطمہ جناح یونی ورسٹی میں قائم مراکز میں منتقل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے دیگر ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے موجودہ صورت حال کے تناظر میں 15 مئی تک بین الاقوامی فضائی آپریشن پر پابندی عائد کی ہے۔

تاہم خصوصی پروازوں سمیت سفارت کاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہے۔ اس سے قبل حکومت نے 30 اپریل تک فضائی آپریشن کی بندش کی تھی۔