قنبرعلی خان،ڈرگ پولیس انسپکٹر کیخلاف شہریوں کا احتجاج ،برطرفی کا مطالبہ

89

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) تحصیل قنبر کے ڈرگ پولیس تھانے کے نااہل ، کرپٹ اور عوام دشمن ایس ایچ او عبدالسلام چانڈیو کے خلاف مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کے کارکنوں اور ڈرگ پولیس تھانے کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے د یہاتیوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھاکر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور سخت نعرے بازی کرتے ہوئے پریس کلب پہنچ کر دھرنا دیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما نثار ڈیپر ، شہاب الدین برڑو، حافظ جمال دین برڑو، میر مرتضیٰ برڑو اور علی محمد برڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قنبر کے ڈرگ پولیس تھانے کے ایس ایچ او عبدالسلام چانڈیو جو سیاسی وڈیروں کی سفارش پر مسلسل کئی سالوں سے ایک ہی قنبر کے ڈرگ پولیس تھانے کے ایس ایچ او تعنیات ہیں جنہوں نے علاقے کے غریب عوام کی زندگیاں اجیرن کرکے رکھ دی ہیں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرکے غریب اور شریف دیہاتیوں کے گھروں میں بلاجواز داخل ہوکر لوگوں کو رشوت کی خاطر بے گناہ گرفتار کرکے اور پولیس تھانے کے ٹارچر سیل میں مبینہ طور پر سخت تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس سے کئی افراد ان کے بہیمانہ تشدد کے باعث ہمیشہ کیلیے معذور ہوچکے ہیں جبکہ ایس ایچ او عبدالسلام چانڈیو نے اپنے کئی نجی ٹارچر سیل بھی بنارکھے ہیں جس کا بھی انکشاف ہوا ہے جو افراد ان کو بھاری رشوت نہیں دیتا وہ ان کو نجی ٹارچر سیل میں منتقل کرکے ان کو سخت وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناکر ہمیشہ کیلیے معذور کردیتے ہیں اوررشوت لینے کے بعد لوگوں کو اپنی آواز بند رکھنے کیلیے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے جبکہ مک مکا نہ کرنے والے لوگوں کو جھوٹی ایف آئی آر میں چالان کردیاجاتا ہے۔ مقررین نے کہاکہ ایس ایچ او ڈرگ پولیس کے ہمراہ اپنی حدود میں مختلف سڑکوں اور راستوں پر کھڑے ہوکر پوچھ گچھ کے بہانے غریب راہگیروں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کرکے لوگوں کو اذیت دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے اور کوئی بھی ان سے پوچھنے والانہیں ہے ۔مقررین نے کہاکہ ایس ایچ او عبدالسلام چانڈیو کی جانب سے بے گناہ لوگوں کی گرفتاری، تشدد اور بعد ازاں بھاری رشوت کے عیوض ان کی رہائی سے معلوم ہوتا ہے کہ اعلیٰ پولیس نے کرپشن کو فروغ دینے کیلیے ان کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب سے پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں عوام پر اللہ تعالیٰ کا عذاب بن کر نازل ہوئی ہے تب سے ہر تھانے میں سیاسی وڈیرہ شاہی کی مداخلت اور اپنے من پسند پولیس افسران کی مقرریوں میں تیزی سے اضافہ ہوگیاہے اور وڈیروں کے کمدار پولیس افسران نے رشوت اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کے طور پر غریب عوام پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس سپریم کورٹ و ہائی کورٹ سندھ ، آئی جی پولیس سندھ ، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی قنبر سے مطالبہ کیا کہ مسلسل کئی سالوں سے قنبر کے ڈرگ تھانے میں مقرر کرپٹ ، بدعنوان اورملزمان کے ساتھی ایس ایچ او ڈرگ عبدالسلام چانڈیو کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرکے اور ان کا بین الاضلاعی تبادلہ کرکے علاقے کے غریب کو ان کے ظلم وستم سے بچایا جائے۔