لوئر کرم ، مسجد و امام بارگاہ میں دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا

97

لوئر کرم( آن لائن )صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر کرم کے علاقے شورکی میں مسجد و امام بارگاہ میں دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔علاقہ پولیس کے مطابق دھماکا پاک افغان سرحد کے قریبی علاقے شورکی میں ایک مسجد و امام بارگاہ میں ہوا۔پولیس نے تصدیق کی کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا شخص امام بارگاہ کی نگرانی پر مامور تھا اور اسے علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم دھماکے کے نتیجے میں عمارت منہدم ہوگئی۔اس حوالے سے مقامی پولیس کے ایک عہدیدار یعقوب خان نے بتایا کہ دھماکا صبح 4 بجے کے وقت ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کردیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں ابھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا لیکن پولیس کو واقعے میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کا شبہ ہے۔