بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں15 دن کی توسیع کردی

96

کوئٹہ(آن لائن )صوبائی محکمہ داخلہ نے پورے صوبے میں 19 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں کیے گئے لاک ڈاؤن میں 15 دن کی توسیع کی جائے گی۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے لاک ڈاؤن میں 19 مئی تک توسیع کرکے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ اجلاس میں کورناوائرس کے مقامی سطح پر پھیلائو میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ کیا جائیگا جس کے بعد 24 گھنٹوں میں 600 ٹیسٹ کیے جا سکیں گے۔ جب کہ محکمہ صحت کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ وی ٹی ایم کٹس کی فور ی خریداری کریں اور خضدار اور لورا لائی میں پی سی آر مشین فراہم کی جائے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔صوبے بھر میں لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ تمام دکانداروں کو ایس او پی پر عمل کرنا ہوگا۔دکان میں ایک وقت پر تین سے زائد خریداروں کو نہیں رکھا جائے گا۔دکان مالک ماسک،سینی ٹائیزر اور دکان میں خریداروں کے لیے ہینڈ واش بیسن رکھنے کا پابند ہوگا۔محکمہ صحت کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ وی ٹی ایم کٹس کی فوری خریداری کریں۔