الخدمت اسپتال کے او پی ڈی اٹینڈنٹ کورونا سے جاں بحق

627

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے فلاحی اسپتال الخدمت میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے او پی ڈی اٹینڈنٹ مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

32سالہ نعمان احمد اورنگی ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت کے اسپتال میں بحیثیت او پی ڈی اٹینڈنٹ کام کرتے تھے،مرحوم کی چار ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔

وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں کراچی کے ڈاکٹر رتھ فا سول اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ 10دن زیر علاج رہے۔

انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا جس کی بدولت ان کی حالت سنبھل گئی تھی اور وہ اسپتال سے گھر واپس لوٹ گئے تھے۔

جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے بتایا کہ چند دن قبل نعمان کی طبیعت ایک مرتبہ پھر بگڑ گئی جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔

ان کی موت ایک ایسے موقع پر واقع ہوئی ہے جب ایک ہفتہ قبل ہی نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے انکشاف کیا تھا کہ ملک بھر میں 444 ہیلتھ کیئر ورکرز وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور ان میں 8 کی موت واقع ہو چکی ہے اور ڈیٹا کے مطابق اس تناسب میں ایک ہفتے میں 75فیصد اضافہ ہوا تھا۔

ملک بھر میں ڈاکٹر سراپا احتجاج ہیں کہ حکومت کی جانب سے انہیں وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی سامان مہیا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پوری طبی برادری کو شدید خطرات لاحق ہیں۔