حزب المجاہدین کے چیف آپریشن کمانڈر ریاض نائیکو شہید۔کشمیر کی چنگاری خطہ خاکستر کر دے گی‘ سید صلاح الدین

469

سرینگر/مظفرآباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے جھڑپ کے دوران حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر ریاض احمد نائیکوالمعروف محمدبن قاسم ساتھی سمیت شہید ہوگئے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی فوج کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ریاض نائیکو جنوبی ضلع پلوامہ میں موجود ہیں جس پر منگل کی رات سیکڑوں بھارتی فوجیوں نے آپریشن کیا۔داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ گاؤں میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے جاری سرچ آپریشن دوران مجاہدین سے جھڑپ ہوگئی۔ حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر ریاض نائیکو اور ان کے ساتھی عادل احمد نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے لڑکر جام شہادت نوش کرنے کو ترجیح دی۔ ریاض نائیکو کا تعلق پلوامہ کے علاقے بیگ پورہ سے ہی تھا ۔بھارتی فوج کی جانب سے مظاہروں میں شریک 100 سے زائد افراد کو شہید کیے جانے کے بعد 2012ء میں ریاض نائیکو غاصب بھارتی فوج کے خلاف مسلح جدوجہد میں شامل ہوئے۔ وہ ریاضی کے استاد تھے اور 2016 ء میں برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد انہیں بطور جانشین حزب المجاہدین کاچیف آپریشنل کمانڈر مقرر کیا گیا تھا جبکہ ریاض نائیکو بھارت کو مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل تھے ، ان کی سرکی قیمت12 لاکھ بھارتی روپے مقرر کی گئی تھی۔ کشمیر کے آئی جی پولیس وجے کمار نے ریاض نائیکو کی شہادت کو بھارتی فوج کی بہت بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ کو ایک اور مسلح تصادم میں مزید2 کشمیری نوجوان شہید ہوئے ہیں۔ حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر کی شہادت کے بعد پوری وادی میں غم اور اشتعال کی لہر دوڑ گئی جبکہ قابض انتظامیہ نے وادی میں کرفیو کو مزید سخت کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے۔ دوسری جانب ریاض نائیکو کی شہادت کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج جمعہ کو ہڑتال کا اعلان کردیا اور عوام سے شہید کے جنازے میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ حریت کانفرنس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری وادی میں ریاض نائیکو کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے۔ علاوہ ازیں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی سربراہ اور جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی حراست میں 3ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔ حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے حزب کمانڈ کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاض احمد نائیکو المعروف محمد بن قاسم اور شہیدعادل کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جدائی سے اگرچہ بہت تکلیف اور دکھ محسوس کیا لیکن مجاہدین اسلام کی تاریخ ازل سے ہی اس حقیقت کی گواہ ہے کہ انہوںنے حق و صداقت کے غلبے کے لیے ہمیشہ شہادت اور عزیمت کا راستہ چنا اور وہ اپنے مشن میں کامیاب ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ اپنے اسلاف کی تقلید کرتے ہوئے جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشارمجاہد رہنماشہیدریاض نائیکو نے میدان کارزار میں 10سال قابض فورسز کو ناکوں چنے چبوائے، مجاہدین کی تربیت کی اور اپنے آخری لمحات میںدنیاوی زندگی کی بھیک مانگنے کے بجائے مقابلے کو ترجیح دے کر اسلام کی سربلندی اور آزادی کشمیر کے عظیم مشن کی آبیاری کرتے ہوئے شہادت کا جام پی لیا۔ حزب سربراہ نے کہا کہ ان شا ء اللہ ان عظیم شہداء کا مقدس خون کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جا ئے گا ،ان کا مقدس خون ہزارہا محمد بن قاسم کو جنم دے گا ۔سید صلاح الدین کا کہناتھاکہ جب ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے اور محکوم اور مظلوم قوم کو احساس ہوتا ہے کہ ظالم و جابر قوتیں پر امن ذرائع سے نہیں بلکہ طاقت کے جواب میں طاقت سے ہی زیر ہوسکتی ہیں توپھران حالات میں ہی ان جیسی پاک اور سعید روحیں انسانی وجود لے کر سامنے آتی ہیں اور ظالم اور جابر قوتوں کا غرور خاک میں ملا د یتی ہیں۔سید صلاح الدین نے خبر دار کیا کہ مسئلہ کشمیر ایک ایسی چنگاری ہے جو پورے خطے کو کبھی خاکستر کردے گی۔