گندم ادھار دینے کا معاملہ:نیب سکھرنے نثار کھوڑو کا بیان ریکارڈ کرلیا

212

سکھر(آن لائن) اندرون سندھ فلور ملز کو 6 ماہ کے لیے اربوں روپے کی گندم ادھار پر دینے کا معاملہ۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ فلور ملز کو 6 ماہ کے لیے اربوں روپے کی گندم ادھار دینے والے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین سندھ کے صدر اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نثار کھوڑو نیب آفس سکھر پہنچے۔ نیب کی جانب سے نثار کھوڑو کا بیان ریکارڈ کیا گیا ۔اس موقع پر نیب کے باہر سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے ۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کی باتیں کوئی نئی نہیں یہ باتیں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں تاہم یہ حکومت اور اسمبلیوں پر ہے کہ وہ کیا سوچ رہے ہیں جب ترمیم کی بات اسمبلی میں آئے گی تو پھر کچھ کہا جاسکتا ہے اس سے پہلے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے کتنی امداد ملی ہے یہ کسی کو پتا نہیں وفاقی حکومت کو علم ہوگا اسے عوام کو یہ بتانا چاہیے کہ کتنی امداد ملی ہے تاکہ لوگوں کو علم ہو کہ ان کے لیے کچھ ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب آفس آنا کوئی نئی بات نہیں ہے محکمہ فوڈ کے حوالے سے انکوائریز ہورہی ہیں جس کے لیے بلایا گیا تھا جو کچھ پوچھا گیا وہ میڈیا کو شیئر نہیں کرنا چاہتا۔