شہر قائد میں پانی کے بحران کا خدشہ

364

کراچی (رپورٹ:منیرعقیل انصاری)شہر قائد میں پانی کے بحران کا خدشہ،واٹر بورڈ ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پرشدید احتجاج اور ہڑتال کی دھمکی،پیر تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں تو کام نہیں کریں گئے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ کی ملازمین کو منانے کی کوشیش،واٹر بورڈ کی مزدور یونینز نے بھی حکومت سندھ سے ملازمین کی تنخواہوں کے لئے فوری گرانٹ دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی عدم دلچسپی کے باعث شہر قائد میں رمضان المبارک میں پانی کے بحران کا خطرہ تیزی سے سراُٹھانے لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق واٹر بورڈ ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دیدی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ ملازمین اور مزدور یو نینز نے رمضان المبارک میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے فوری طور پر گرانٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کو پانی سپلائی کرنے والے دھابیجی،گھارو،حب پمپنگ اسٹیشن کے عملے سمیت دیگر عملے نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے پیر تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ملازمین کو پیر تک تنخواہ ادا نہیں کی گئیں تو منگل کے روز سے تنخواہوں کی ادائیگی تک واٹر بورڈ کا کوئی ملازم کام نہیں کرے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ چار روز سے ملازمین تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے مطالبہ کر رہے ہیں مگر انٹطامیہ کی جانب سے نا ہی ملازمین کو تنخواہ ادا کی گئی اور ناہی تنخواہوں کے حوالے سے کوئی واضح جواب دیا جارہا ہے۔

اس ضمن میں ملازمین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس اور لاک داون کے باوجود واٹر بورڈ کے تمام ملازمین اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ رمضان میں شہر میں پانی کی قلت پیدا نا ہو انتطامیہ واٹر بورڈ ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے پریشان کر رہی ہے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ نے حکومت سندھ سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے دو ہفتے قبل درخواست کی تھی مگر حکومت سندھ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں سنجیدہ نظر نہیں آتی ہے۔

ملازمین نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے گرانٹ دے،اگر حکومت نے گرانٹ جاری نہیں کیا تو ملازمین کے پاس ہڑتال کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

یاد رہے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی نے حکومت سندھ سے ملازمین کی تنخواہوں سمیت ضروری کاموں کی انجام دہی کے لئے ایک ارب پچاس کروڑ روپے گرانت دینے کی درخواست کر رکھی ہے۔

تاہم حکومت سندھ نے تاحال واٹر بورڈ کے لئے گرانٹ کی منظور ی نہیں دی ہے جس پر واٹر بورڈ ملازمین میں شید بے چینی پائی جارہی ہے واضح رہے اگر ملازمین نے ہڑتال کردی تو شہر قائد میں پانی کا کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔