کیا عمران خان بھی بہانے تلاش کر رہے ہیں

327

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کے بہانے ڈھونڈھ رہا ہے۔ انہوں نے آئی ایس آئی چیف سے ملاقات کے بعد کہا کہ سرحد پار سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں، بے بنیاد الزامات اس تازہ ایجنڈے کا حصہ ہیں اس کے بعد وزیراعظم نے ساری ذمے داری عالمی برادری پر ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کو احمقانہ حرکت سے روکے اور خطے کو تباہی سے بچانے کے لیے بے عملی ترک کرکے کارروائی کرے۔ وزیراعظم عالمی برادری کو بے عملی کا طعنہ دینے کے بجائے پہلے پاکستانی بے عملی ختم کریں۔ بھارت نے بڑے بڑے اقدامات کر ڈالے پاکستان کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ پونے دو برس میں سب سے بڑا جواب ابھینندن کا طیارہ گرانا اور اس کی گرفتاری تھا جو دو تین دن میں ضائع کر دیا گیا۔ اسے چائے پلا کر واپس بھیج دیا گیا۔ اگر عالمی برادری کو متحرک کرنا ہے تو پاکستان خود پہلے متحرک ہو جائے۔ پاکستان کی طرف سے کوئی جوابی کارروائی ہوگی تو عالمی برادری حرکت میں آئے گی، سب کہیں گے کہ جنگ نہ کرو۔ اس کے بعد ہی کشمیر پر کوئی بات ہو سکے گی۔ وزیراعظم بھارتی منصوبوں کی بات کر رہے ہیں لیکن اس کے عمل پر کوئی ردعمل نہیں دے رہے۔ بھارتی فوج نے کشمیر میں حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو کو شہید کردیا ہے۔ پاکستان نے اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ اس کا جواب نہ دیا گیا تو بھارت کی ہمت مزید بڑھے گی۔ وزیراعظم بھارت پر تو بہانے تراشنے کا الزام عاید کر رہے ہیں لیکن کیا وہ خود وقت گزار کر کشمیریوں کو بھارت کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بہانے نہیں تلاش کر رہے؟