کارکنان رمضان المبارک کے باقی دنوں میں بھی مستحقین کا سہارا بنیں،نصراللہ رندھاوا

78

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ کرونا وبا اوررمضان میں قوم کی خدمت کرنے پر جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کاروں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں ، مشکل کی اس گھڑی میں کارکنان نے جس دلجمعی سے قوم کی خدمت کی ہے اور دن رات کارکنان عوام کی خدمت کے کاموں میں مصروف رہے ہیں اس کا اعتراف پوری قوم کررہی ہے۔انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے باقی دنوں میں بھی اسی طرح مستحقین اور نادار لوگوں کا سہارا بنیں اور ان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے الخد مت فاونڈیشن اسلام آباد کے جا ئزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر الخد مت فاونڈیشن کے صدر حامد اطہراور دیگر بھی مو جو د تھے۔نصراللہ رندھاوا نے کہا حکومت بیرون ملک سے بدحالی اور پریشانی میں آنے والے شہریوں سے ڈبل کرایہ ،ٹیسٹ اورقرنطینہ کے بھاری اخراجات وصول کررہی ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔اوور سیز پاکستانی ہر سال اربوں روپے کما کر ملک میں زرمبادلہ بھیجتے ہیں ،اب اگر عالمی وبا میں انہیں اپنے ملک کی ضرورت پڑی ہے تو ان کے ساتھ انتہائی شرمناک رویہ اپنایا جارہا ہے۔