بلوچستان میں امن کیلیے پولیس فورس نے فرنٹ لائن پر جنگ لڑی ہے،محسن بٹ

198

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار قیام امن کے لیے پولیس فورس نے فرنٹ لائن پر جنگ لڑی ہے، پولیس، ایف سی، سیکورٹی اداروں کی بیش بہا قربانیوں کی بدولت آج صوبے میں مجموعی طور پر امن و سکون کے حالات ہیں، بلوچستان پولیس کو گزشتہ دو سال سے تمام مطلوب وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں حکومت بلوچستان کی مکمل سپورٹ حاصل ہے، جس کے لیے صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے مشکور ہیں، موجودہ غیر معمولی ہنگامی حالات میں بلوچستان پولیس کے تمام متعین جوانوں نے کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں بہادری سے حصہ لیا ہے۔ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کے افسران اور جوان بھی متاثر ہوئے ہیں، فورس کے حوصلے بلند ہیں اور عوام کے جانی و مالی تحفظ کے لیے پولیس کا ہر جوان اپنی سروس کے بنیادی حلف کا پاسدار ہے، بلوچستان کانسٹیبلری کڑے حالات سے نکل کر بہتری کی جانب گامزن ہے، بی سی فورس کو مزید جدید خطوط پر استوار کریں گے، بی سی فورس کے جوانوں کو جدید اسلحہ اور تربیت فراہم کرنے کے لیے ورک پلان مرتب کرلیا گیا ہے، پُر عزم ہیں کہ بی سی کو ایک مثالی فورس بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کانسٹیبلری کے 14ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے ہر جوان نے نامساعد حالات میں فرائض کی بجا آواری کی ہے اور اس قومی خدمت میں فورس کے کئی افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، انہی شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج بلوچستان میں مکمل امن قائم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے بلوچستان پولیس کی بہتری کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جس کے نمایاں ثمرات بھی سامنے آرہے ہیں۔ بلوچستان کانسٹیبلری اپنی ابتدائی شکل سے نکل کر ایک پیشہ ورانہ فورس کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ ایلیٹ فورس، آر آر جی اور ایگل اسکواڈ نے مختصر وقت میں بحالی امن کے لیے تفویض کردہ فرائض کو بہتر طور پر نبھایا ہے اور اب یہ بلوچستان پولیس کے تنا آور شجر ثابت ہورہے ہیں۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ پولیس فورس کے تمام افسران اور جوان فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ عوام بھی اس عالمی وبا کو سنجیدہ لیتے ہوئے رائج الوقت قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے پولیس سے اپنے تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ مل جل کر اس مشکل گھڑی سے نکلا جاسکے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے بلوچستان کانسٹیبلری سریاب روڈ قاسم کمپلیکس کی فعالیت پر کمانڈنٹ بی سی نعیم اکرم بھروکا اور پروجیکٹ ڈائریکٹر احسان منظور کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں افسران کی ذاتی توجہ اور دلچسپی سے بلوچستان پولیس کا تعمیراتی اثاثہ کارگر ثابت ہوا اور عدم توجہ سے دوچار یہ عمارات تباہی سے بچ گئیں۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے اعلان کیا کہ بی سی کمپلیکس قاسم لائن کے لیے آئندہ سال متبادل توانائی سولر انرجی پروجیکٹ فراہم کیا جائے گا تاکہ اس کمپلیکس میں واقع انتظامی دفاتر اور رہائشی علاقے کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے جبکہ سیکورٹی نظام کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیا جائے گا۔ آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے بلوچستان کانسٹیبلری کے تمام افسران اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سب مل کر اسی جذبے اور لگن سے رواں دواں رہیں گے اور عوام کے جانی و مالی تحفظ اور نفاذ قانون کے لیے اپنی بنیادی ذمے داریوں سے بہتر طور پر نبرد آزما ہوں گے۔