بھارت نے شہید ریاض نائیکو ور ساتھیوں کی میتیں خفیہ مقام پردفنا دیں ،وادی میں شدید احتجاج ،یورپی یونین کا تحقیقات کا مطالبہ

138

سری نگر+برسلز(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر شہید ریاض احمد نائیکو اور ان کے ساتھی شہیدعادل احمد کی نماز جنازہ کے بڑے بڑے اجتماعات کو روکنے کے لیے ان کی میتیں لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے خفیہ مقام پر دفنا دی ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے ریاض احمد نائیکو اور عادل احمد کو بدھ کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے بیگ پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ قابض فوجیوں نے ضلع پلوامہ ہی کے علاقے شارشالی میں بھی مزید2نوجوان شہید کردیے تھے۔ قابض انتظامیہ نے شہید کمانڈر اور دیگر شہدا کی نماز جنازہ کے بڑے بڑے اجتماعات کے خوف سے ان کے جسد خاکی لواحقین کے حوالے نہیں کیے اور میتوں کی ضلع گاندر بل میں بھارتی فوج کے زیر انتظام قبرستان میں تدفین کر دی۔ مقبوضہ کشمیرمیں پلوامہ، سری نگر اور دیگر علاقوںمیں جمعرات کو زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لوگوں نے یہ مظاہرے اعلیٰ مجاہد کمانڈر ریاض نائیکو اور عادل احمد کی شہادت پر کیے۔ بھارتی فوجیوںکی فائرنگ سے ضلع پلوامہ کے علاقے بیگ پورہ میںایک شخص شہید ہوگیا۔ فوجیوں اور مظاہرین کے درمیان مختلف مقامات پر جھڑپیںہوئیں ۔ بھارتی فورسزاہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گولیاں چلائیں اور پیلٹ برسائے جس کے نتیجے میںدرجنوں افراد زخمی ہو گئے ۔ فوجیوںنے ریاض نائیکو کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آنے والوں کے لیے لگایا جانے والا شامیانہ بھی اکھاڑ دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف مظاہروںکا سلسلہ جاری رہے گا۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں خواجہ فردوس، فاروق احمد توحیدی، دیویندر سنگھ بہل،غلام محمد صفی، عبدالمجید ملک، زاہد اشرف، سید منظور احمد شاہ، قاضی محمد عمران، اعجاز رحمانی اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اپنے بیانات میں ریاض نائیکور اور دیگر شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نوجوان کشمیریوںکے ہیروز ہیںاور وہ اپنے نوجوانو ںکا قتل عام برداشت نہیں کریں گے۔ حریت نے 15تا21مئی کے دوران ہفتہ شہدا منانے پر بھی زوردیا جبکہ 21مئی کو مزار شہدا سری نگر کی طرف مارچ کی کال بھی دی ہے۔ رمضان المبارک کا جمعۃ الوداع یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا اور لوگ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں کریں گے۔علاوہ ازیںیورپی یونین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی فوری، مکمل اور شفاف تحقیقات پر زور دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یورپی یونین کے دفترخارجہ میں علاقائی امور اور جنوبی ایشیاڈویژن کی ہیڈ کارولین ونوت نے کشمیر کونسل یوریی پونین کے چیئرمین علی رضا کے کشمیر سے متعلق ایک خط کے جواب لکھا کہ یورپی یونین سمجھتی ہے کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمے داریوں کے تحت مقبوضہ کشمیرمیں حقوق انسانی کی جامع، فوری اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔انہوںنے لکھا کہ یورپی یونین خطے کی صورتحال کا بغور جائزہ لی رہی ہے او رپاکستان اور بھارت کی ساتھ براہ راست رابطے میں ہے۔ انہوںنے لکھا کہ یونین پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی اور خطے میں کشیدگی کا خاتمہ چاہتی ہے۔ علی رضا سید نے گزشتہ ماہ یورپی یونین کے وزیرخارجہ جوزف بوریل سمیت یونین کے اعلیٰ حکام کو ایک خط کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔