جماعت اسلامی شہر کراچی میں عوامی خدمت میں سب سے آگے۔سروےرپورٹ

629

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں کورونا وائرس کی صورتحال میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے فلاحی کاموں کے سوال پر 27 فیصد افراد نےجماعت اسلامی،26 فیصد نےتحریک انصاف،10 فیصد نے پیپلز پارٹی،2 فیصد نے مسلم لیگ ن اورایک فیصد افراد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو فلاح و بہبود کے کاموں کے حوالے سے شناخت کیا ہے۔

یہ نتائج عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف پاکستانی ادارے پَلس کنسلٹنٹ کے سروے میں سامنے آئے ہیں۔

جمعرات کی شب سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الحمدللہ جیو نیوز اور پلز کنسلٹنٹ کے حالیہ سروے کے مطابق جماعت اسلامی شہر کراچی میں عوامی خدمت میں سب سے آگے ہے۔

یہ کامیابی جماعت اسلامی اور الخدمت کے والینٹرز اور نوجوانوں کی ہے۔انشااللہ جماعت اسلامی کا کراچی اور کراچی کے عوام سے تعلق کا یہ سفرجاری رہیگا۔

سروے میں کراچی کے تمام اضلاع کے شماریاتی طور پر منتخب ایک ہزار افراد نے حصہ لیا ہے۔

سروے میں 49 فیصد افراد نرم لاک ڈاؤن کے حامی نظر آئے اور 36 فیصد نے سخت لاک ڈاؤن کی حمایت کی جب کہ 15 فیصد نے کسی بھی قسم کے لاک ڈاؤن کے خلاف رائے دی ہے۔

روزگار کے حوالے سے 95 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث ملازمتوں اور کاروبار کو خطرہ ہے،اس کے علاوہ سروے میں شریک بیشتر افراد کو شہر کے معمولات زندگی رواں ماہ بحال ہونے کی امید ہے۔

صوبہ سندھ میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر کراچی کے شہری وبا کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور کوروناوائرس سے متعلق عوامی آگاہی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

36 فیصد افراد وفاقی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے جب کہ 27 فیصد افراد نے تحریک انصاف کی حکومت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

سروے میں شریک 32 فیصد افراد نے کورونا کیخلاف صوبائی حکومت کی کارکردگی کو قابل اطمینان قرار دیا اور 33 فیصد افراد غیر مطمئن نظر آئے جب کہ شہری حکومت کی کارکردگی سے 34 فیصد افراد نالاں اور 27 فیصد افراد مطمئن نظر آئے۔