ملاعمر کے بیٹے محمد یعقوب افغان طالبان کے عسکری چیف مقرر

229

قندھار(صباح نیوز)افغان طالبان تحریک کے امیر ملا محمد عمر کے بیٹے محمد یعقوب کو طالبان کا عسکری چیف مقرر کر دیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان تحریک کے امیر ملا محمد عمر کے بیٹے ملا محمد یعقوب طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخوندزادہ کے نائب بھی ہیں۔ محمد یعقوب عسکری چیف کے ساتھ ساتھ نائب امیر بھی رہیں گے۔دوسری طرف طالبان نے قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں مزید 48افغان فوجی رہا کر دیے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ترجمان طالبان سہیل شاہین نے بتایا کہ مزید 48افغان فوجیوں کو رہا کر دیا ہے، قیدیوں کا تبادلہ تمام قیدیوں کی رہائی تک جاری رہے گا۔ادھر کابل انتظامیہ امریکا کے ساتھ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے تحت اب تک 900سے زایدطالبان قیدیوں کو رہا کرچکی ہے۔یہ رہائی امریکا اور طالبان کے درمیان 29فروری کو طے کیے گئے معاہدے میں شامل قیدیوں کے تبادلے کے پروگرام کا حصہ ہے جس میں درجنوں افغان سیکورٹی اہلکاروں کو بھی رہا کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے افغانستان کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے بتایا کہ اب تک افغان جیلوں سے933طالبان قیدیوں کو رہا کیا جاچکا ہے ۔