کشمیریوں نے بھارتی کرفیو روند ڈالا ‘ریاض نائیکو کی غائبانہ جنازہ میں شہدا کو خراج عقیدت

291

سرینگر/مظفرآباد(اے پی پی+صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں عوام نے حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکون اور ان کے ساتھی کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے سخت کرفیو کو روندڈالا۔بھارتی فوج سے لڑکرجام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے اور بھارت مخالف مظاہروں کی اپیل کی تھی۔حریت کانفرنس کی طرف سے جاری احتجاجی کلینڈر کے مطابق لوگوںسے کہاگیا ہے کہ وہ بھارتی تسلط اور کوروناوائرس سے نجات دلانے کی غرض سے اللہ تعالیٰ کی مدد طلب کرنے کے لیے اتوار کو نماز عشا کے بعد اپنے گھروں کی چھتوں پر ازان دیں۔قابض انتظامیہ نے لوگوںکو گھروں میں محصور رکھنے کے لیے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کر دی تھی۔ اہلکاروںنے لوگوںکی نقل و حرکت پر پابندی عاید کرنے کے لیے خار دار تاریں بچھا کر تمام سڑکیں اور گلیاں بند کردیں تاہم سخت کرفیو کے باوجود لوگوںنے ریاض نائیکو اور دیگر شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے رہنما مولوی احمد راتھر اور پروفیسر احمد شیخ ،ریاض نائیکو کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پلوامہ میںان کے گھر گئے ۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں غلام محمد خان سوپوری ، فردوس احمد شاہ ، جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ اور کشمیر ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری غلام نبی شاہین نے اپنے الگ الگ بیانات میںریاض نائیکو اور ایک اور شہید نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوںکو رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیرمیں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔علاوہ ازیں بھارتی فورسز نے ضلع ڈوڈا میں ایک بے گناہ نوجوان رقیب عالم کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پو لیس نے اس پر حزب المجاہدین کے زیر زمین کارکن ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایک پستول اور ایک وائرلیس برآمد کیا گیا ہے،ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے بتایا کہ وہ حزب المجاہدین کے لئے اطلاعات کی تشہیر کرنے کا کام کررہا تھا۔ دوسری جانب قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کے اجلاس میں ریاض نائیکو شہید، سجاد شہید و دیگر شہدائے کشمیر کے لیے دُعائے مغفرت کی گئی، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ کورونا بھی ہے اور زندہ بھی رہنا ہے۔لاک ڈائون کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ کھولو۔ کھولتے ہیں تو کہتے ہیں کہ لاک ڈائون کرو۔رکشہ ڈرائیور، سوزوکی ڈرائیور ، کنڈکٹر اور باربر کی مالی اعانت کے لیے ایک ہفتہ کے اندر فہرستوں کی تکمیل کو یقینی بنا رہے ہیں۔