ائر مارشل (ر)مسعود اختر نے چیئر مین آزاد جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کا حلف اٹھا لیا

135

مظفرآباد (صباح نیوز)صدر آزادجموں وکشمیر سردار محمدمسعود خان نے جمعہ کو ائر مارشل (ر)مسعود اختر سے بحیثیت چیئرمین آزادجموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن حلف لے لیا۔حلف برادری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بعد ازاں چیئرمین آزادجموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن ائر مارشل (ر) مسعود اختر نے نو تعینات ارکان آزادجموں کشمیر پبلک سروس کمیشن،سیکرٹری (ر)سردارمحمد فاروق تبسم، سیکرٹری (ر) سردار محمد نواز خان، سابق سفیر عارف کمال،عبد الطیف شاہ، پرنسپل (ر) رشید اے قاسمی، پرنسپل(ر) شہناز جبین، سیشن جج (ر) راجا محمد اسلم، محترمہ نرجس کاظمی، نیورو سرجن(ر) ڈاکٹر چودھری مختار احمد سے بھی حلف لیا۔ چیئرمین اور ارکان پبلک سروس کمیشن کے تقرر کا عرصہ 3 سال کے لیے ہوگا۔ا سپیشل سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن عامر مرزا نے چیئرمین و ارکان آزادجموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔قبل ازیں پبلک سروس کمیشن کے نئے چیئرمین ائر مارشل (ر) مسعود اختر نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کی اور پبلک سروس کمیشن اور اُن کے ساتھ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔تقریب حلف برداری کے بعد پبلک سروس کمیشن کے تمام ارکان نے بھی صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔علاوہ ازیں حکومت آزادکشمیر نے اعلیٰ بیوروکریسی میں تبادلہ کر دیے ۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم امجد پرویز کو ہٹا کر احسان خالد کیانی گریڈ21کو وزیراعظم کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کردیا۔ گریڈ 20کے راجا امجد پرویز خان کو سیکٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن تعینات کرتے ہوئے سیکرٹری خوراک کا اضافہ چارج بھی سونپ دیا گیا ۔سیکرٹری زکوۃ وعشرسردار محمدظفرخان کو تبدیل کر کے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ جبکہ سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ محمد طیب کو سیکرٹری زکوۃ وعشر تعینات کردیاگیا۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے جمعہ کو چاروں اعلیٰ افسران کے تبادلوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔