کراچی(اسٹاف رپورٹر)احساس پروگرام کے ذریعہ ضرورت مندوں میں اربوں روپے تقسیم کرنے کی دعویدار وفاقی حکومت نے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی صورت حا ل میں ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز پر ڈرون حملہ کرتے ہوئے ان کی پنشن میں 2 ہزار روپے کی کمی کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ای او بی آئی کے پنشنرز کی پنشن میں دو ہزار روپے کا اضافہ کرکے اسے 8500روپے کردیا گیا تھا مگر اپریل کے ماہ میں پنشنرز کو پنشن کی مد میں دو ہزار روپے کم کر کے 6500روپے ملے ہیں۔
اس ضمن میں پنشنرزنے بتایاکہ لاک ڈاؤن اور رمضان المبارک کے مہینے کی وجہ سے اخراجات میں ویسے ہی اضافہ ہوگیا ہے اور اس پر وفاقی حکومت نے اس طرح کا اقدام کرکے ہزاروں پنشنرز کے ساتھ ظلم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت احساس پروگرام کے نام پر اربوں روپے تقسیم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن دوسری جانب سے پنشنرز کو مشکلات کا شکار کیاجارہا ہے۔حکومت کو پنشنرز کو دو ہزار روپے تو بوجھ نظر آرہے ہیں لیکن ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ اسے قابل قبول نظر آتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنشن کی رقم سے کٹوتی کیے گئے 2ہزار روپے فوری طورپر پنشنرز کو ادا کیے جائیں۔