پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اگر اٹھارہویں آئینی ترمیم کو چھیڑا گیا تو سلیکٹڈ کے ساتھ سلیکٹرز بھی سن لیں کہ ہم سانحہ بابڑہ، ٹکر، ہتھی خیل، قصہ خوانی اور لیاقت باغ کے شہدا کے وارث ہیں، اس بار بھی اپنے حقوق کیلیے کسی بھی قسم کی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے اور اپنے حقوق کیلیے مزاحمت کی آخری حد تک جائیں گے۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں ایمل ولی خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر صوبائی خودمختاری، این ایف سی ایوارڈ سمیت 18ویں آئینی ترمیم کی کسی ایک شق کو بھی چھیڑا گیا تو اس بار عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان کے احتجاج کا میدان راولپنڈی کا لیاقت باغ ہوگا جہاں اس سے پہلے بھی اسی تحریک کے قائدین پر گولیاں تو چلائی گئیں لیکن اپنے حقوق، مطالبات اور حق کے راستے سے انہیں کبھی بھی پیچھے نہ کیا جاسکا۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ بظاہر نہیں لگ رہا کہ مقتدر قوتیں 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرسکیں گے لیکن پس پردہ یہ کوششیں روز اول سے کی جارہی ہے کہ کسی بھی طرح 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کیا جائے۔ اے این پی مقتدر قوتوں پر بھی یہ بات واضح کرنا چاہتی ہے کہ اس ترمیم میں کوئی بھی ردوبدل برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اگر سلیکٹرز سلیکٹڈ کے ذریعے یہ شوشہ چھوڑ رہے ہیں کہ 18ویں آئینی ترمیم میں خامیاں موجود ہیں، تو یاد رکھیں کہ یہ ترمیم تمام سیاسی جماعتوں کے مسلسل 40 روز اجلاسوں کے بعد ترتیب دی گئی تھی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔