انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ پختونخوا حکومت کی ترجیح ہے،محمود خان

106

پشاور(اے پی پی)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل ایکسیس پروگرام کے تحت صوبائی دارالحکومت میں سٹیزن فیسیلیٹیش سینٹرز کے قیام کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی آسانی کے لیے وفاقی و صوبائی محکموں اور اداروں کے تحت فراہم کی جانے والی شہری خدمات بشمول ڈرائیونگ لائسنس، اسلحہ لائسنس، ڈومیسائیل سرٹیفکیٹ، قومی شناختی کارڈ، زمین کی منتقلی وغیرہ کے آن لائن اجرا کو ایک ہی چھت تلے یکجا کرنے لیے تمام محکموں کی مشاورت سے ایک ہفتے کے اندر قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو خیبر پختونخواہ ڈیجیٹل پالیسی کے مختلف پہلوں بشمول ڈیجیٹل اسکلز، ڈیجیٹل اکانومی، ڈیجیٹل گورننس اور ڈیجیٹل ایکسس کی نمایاں خصوصیات کے علاوہ اس ڈیجیٹل ریجیم کے تحت شروع کیے گئے مختلف منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ عوامی مفاد کے ان منصوبوں کو فائلوں کی حد تک نہیں بلکہ عملی طور پر پیش رفت کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ خزانہ کے حکام کو بھی ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر ٹائم لائینز کے مطابق پیش رفت کو ممکن بنانے کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔