ہرچال ناکام ہوگی‘ شکست بھارت کا مقدر ہے‘ وزیراعظم آزاد کشمیر

116

مظفرآباد (صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیرکے وزیراعظم راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت ہمیں موسم کا حال کیا بتائے گا‘ مودی کو ہم جلد دہلی کا حال سنائیں گے‘ بھارت کی جانب سے موسمیاتی خبرنامے میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو اپنے حصے دکھانا اس کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے‘ بھارت جس طرح کی چاہے سیاسی چالیں چل لے شکست اس کا مقدر ہوگی‘ وزیراعظم پاکستان خود لیڈ کریں‘ مقبوضہ کشمیر کے معصوم بھائی، بہنیں اور بیٹیاں ہمارے منتظر ہیں‘ ان کے لیے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے لیے وقت ہے کہ وہ کشمیر کے حوالے سے فیصلہ کن کردار ادا کریں‘ فوج اور قوم ان کے حکم کی منتظر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ممتاز کشمیری رہنما میر واعظ مولانا یوسف شاہ کے مزار پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ5 اگست کے بعد کے بھارت مسئلہ کشمیر میں فریق نہیں رہا بلکہ اس نے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا ہے۔