بھارتی دہشت گردی کا ایک اور ثبوت، لیکن!!!

327

بھارتی فوج کے ایک سابق میجر نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی بھارت کی جانب سے پشت پناہی کا اعتراف کیا ہے۔ گورو آریا نامی میجر نے کچھ روز قبل بلوچستان میں پاک فوج پر حملے کی پیشگوئی کی تھی اس کا کہنا تھا کہ ہنڈواڑہ کا بدلہ بلوچستان میں لیں گے۔ پاکستان میں دہشت گردی، کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں، بلوچستان میں مداخلتیں، جاسوس نیٹ ورک وغیرہ یہ سب باتیں اب کسی انکشاف کی محتاج نہیں ہیں۔ بھارتی پائلٹ ابھینندن ہو یا بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو ان سب کے انکشافات بھی ریکارڈ پر ہیں۔ اس کے باوجود ہمارے حکمران عالمی برادری سے پاکستانی اخبارات کے ذریعے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ حسب روایت اپنا شعبہ چھوڑ کر وزیر سائنس و ٹکنالوجی نے اس اعتراف پر بیان دیا ہے کہ بھارتی فوج نے دہشت گردی کرانے کا اعتراف کیا ہے۔ مہذب دنیا جاگے اور اس کا نوٹس لے۔ سوال یہ ہے کہ مہذب دنیا کیوں جاگے گی جب اصل فریق پاکستان ہی کسی بھارتی کارروائی کا نوٹس نہیں لے رہا ہے۔ 5 اگست سے اب تک بھارت جارحیت تو کر رہا ہے۔ پاکستان نے کیا نوٹس لیا؟ جب پاکستان جاگنے کو تیار نہیں تو عالمی برادری کیوں بولے گی۔ تھوڑی بہت آواز اٹھی بھی تو وہ بھی نیم دلی سے اٹھی ہے۔ عالمی برادری نام کی کوئی چیز ایسی نیم دلی پر ساتھ نہیں دیتی۔ بھارتی اعتراف تو اندراگاندھی سے مودی تک سب نے کرلیے۔ عالمی برادری نے کیا کر لیا۔