لاک ڈائون نرمی میں تاجر وخریدار احتیاط کریں،مولانا عبدالحق

124

کوئٹہ (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ کورونا وبا کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہے، بدقسمتی سے یہاں ہرطرف اختلافات وغیر سنجیدگی ہے، جس کی وجہ سے عوام کی پریشانی، بیماری اور غیریقینی صورتحال میں اضافہ ہورہا ہے۔ لاک ڈائون میں نرمی میں تاجر، عوام و خریدار زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔ انفاق فی سبیل اللہ کرکے اللہ سے رجوع کیا جائے۔ مساکین، مستحقین کی مدد کرکے وبائوں سے نجات اور روحانی سکون حاصل کیا جاسکتا ہے۔ الخدمت، جماعت اسلامی نے پورے ملک کی طرح بلوچستا ن بھر میں عوامی خدمات کے نئے ریکارڈ بنا دیے، ہم دیانت واخلاص اور نیک نیتی سے پریشان حال عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء میں وزیر اعظم عمران خان نے قومی ایکشن پلان اور منظم اقدامات کے بجائے انتشار، وفاق اور صوبوں میں دوریاں پیدا کی ہیں۔ لاک ڈائون نرمی اور کاروبار کھولنے کے لیے بھی فسادی ایکشن پلان بنایا گیا ہے۔ ٹائیگر فورس کے نام پر بھی عوام کو بے وقوف اور کرپشن کا راستہ ہموار کیا جارہا ہے جو لمحہ فکر ہے۔ حکومتیں سوئی ہوئی ہیں، عوام پریشان اور دو وقت کے کھانے کے لیے بھاگنے پر مجبور ہیں۔ جتنا کورونا وائرس پھیل رہا ہے اسی قدر ملک میں کنفیوژن، پر اسراریت پھیل رہی ہے۔ جماعت اسلامی پورے ملک میں کورونا اور لاک ڈائون متاثرین کی مدد جاری رکھے گی۔ بھارت، اسرائیل اور امریکا کو افغانستان میں الجھائے رکھ کر اپنے مفادات کا تحفظ تلاش کررہے ہیں۔ امریکا کے لیے عافیت اسی میں ہے کہ دہشت گرد ممالک کی سرپرستی ترک کرے اور افغانستان میں طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر عملدرآمد کرے۔ بھارت میں نریندر مودی سرکار کے فاشزم نے ہندو انتہا پسند اور دہشت گرد چہرہ پوری دنیا میں نے نقاب کردیا ہے۔ بھارتی گیدڑ بھبکیوں اور جارحانہ اقدام کا پوری قوم بھرپور جواب دے گی۔ افغانستان میں امن کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ امریکا کی بدنیتی، ٹرمپ اور امریکی ریاستی اداروں کی اندرونی رسہ کشی ہے۔ افغانستان میں طالبان کے ساتھ معاہدے کو سبوتاژ کیا گیا تو پورا خطہ از سر نو دہشت گردی اور فساد کا شکار ہوجائے گا۔ افغان مسئلہ بیرونی مداخلت ختم کرنے سے ٹھیک ہوگا۔