خیبرپختونخوا میں ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کی حکمت عملی تیار

112

پشاور(این این آئی)وزیر زراعت خیبرپختونخوا محب اللہ خان کی سربراہی میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میںسیکرٹری زراعت محمد اسرار،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع عابد کمال،ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق عبدالرؤف اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر زراعت خیبر پختونخوا کو صوبے میں ٹڈی دل کی موجودگی اور اس کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔یاد رہے کہ ٹڈی دل کے جھنڈ بلوچستان کے اضلاع شیرا نی،موسی خیل،ژوب اور پنجاب کے ضلع لیہ سے 25 جنوری کو صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں داخل ہوئے تھے۔جس کو کنٹرول کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے 28 جنوری کو صوبے کے جنوبی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کی تھی جس کو بعد میں پورے صوبے تک پھیلا دیا گیا۔محکمہ زراعت کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک ساڑھے 17 لاکھ ایکڑ رقبے پر ٹڈی دل کی موجودگی کیلیے سروے کیا جاچکا ہے جبکہ تقریباً پچیس ہزار ایکڑ کے رقبے پر ٹڈی دل کو کنٹرول کیا گیا ہے۔سیکرٹری زراعت محمد اسرار نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ بڑی تعداد میں ٹڈی دل کے افغانستان سے صوبے میں داخل ہورہے ہیں۔جس کو کنٹرول کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دیے دی گئی ہے اور متعلقہ اضلاع میں محکمہ زراعت کی ٹیمیں سروے اور کنٹرول کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر زراعت نے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ زراعت صوبے میں زمینداروں کی بھلائی اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی ساتھ ہی وزیر زراعت خیبرپختونخوا نے عوام سے اپیل کی کہ ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع اپنے متعلقہ ضلع کہ محکمہ زراعت توسیع کو دیں یا صوبائی ہیلپ لائن نمبر0348-1117070 پر کال کریں تاکہ اس کا بروقت تدراک کیا جاسکے اور فصلات کو نقصانات سے بچایا جا سکے۔