کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کیلئے انجینئر فورم کا الخدمت کو 25لاکھ روپے کا عطیہ

319

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان انجینئر فورم کراچی چیپٹرکے وفد نے صدر الکاظم منصورکی قیادت میں امیر جماعت اسلای کراچی حافظ نعیم الرحمن سے الخدمت کے مرکزی آفس میں ملاقات کی اور فورم کی جانب سے الخدمت کے” کورونا ٹیسٹنگ لیب “کیلئے25لاکھ روپے کا عطیہ ان کے حوالے کیا۔

اس موقع پر فورم کے کراچی چیپٹرکے صدر عبدالصبور ،ڈائریکٹر الخدمت ڈائیگنو سٹک سروسز انجینئرصابر احمدو دیگر موجود تھے۔

انجینئرفورم نے الخدمت کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ الخدمت کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔انجینئر فورم الخدمت کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے اوروہ انجینئر زسے کہتی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور الخدمت کی فلاحی سرگرمیوں میں اس کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تحت کورونا ٹیسٹنگ لیب بن رہی ہے ۔یہ اچھا اقدام ہے ۔اس میں تعاون کریںگے۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے انجینئر فورم کے جذبے کی تعریف کی اورکہا کہ الخدمت نےCovd-19کے حوالے سے قوم کو درپیش مشکل صورتحال میں بھرپور مدد کی ہے اورانشااللہ لوگوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔