رمضان المبارک میں ستّو کا استعمال کریں

376

موسم گرما میں استعمال ہونے والے مشروبات میں سے ایک مشروب ستّو ہے جسے مختلف طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے اور جس کو پینے سے ہمیں نا صرف ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے بلکہ اِس مشروب کے دیگر بھی بہت سے فوائد ہیں؛ جیسے کہ نظام ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے، اس میں بھر پور پروٹین ہوتا ہے اور یہ کولیسٹرول اور بلڈ شوگر کے لیے بھی مفید ہے۔ اس کے علاوہ ستّو میں وٹامنز، آئرن، کیلشیم اور معدنیات وغیرہ ایک وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

پروٹین کا خزانہ: ستّو میں وافر مقدار میں پروٹینز پائے جاتے ہیں جو ہمارے پٹھوں کی افزائش اور مرمت میں مدد کرتے ہیں، ستّو ہمیں طاقت اور توانائی بخشتا ہے اور ہمارے جسم میں موجود زائد کیلوریز کو کم کرتا ہے جس سے ہمارا بڑھتا وزن بھی کم ہونا شروع ہوجاتا ہے۔

نظام ہاضمہ کی بہتری: ستّو میں قدرتی طور پر فائبرز موجود ہوتے ہیں جو ہمارے نظام ہاضمہ کو بہتر کرتے ہیں۔ ستّو ہماری آنتوں کو صاف کرتا ہے اور ہمیں قبض جیسی بیماریوں سے بچا کر رکھتا ہے۔ اِس کے علاوہ ستّو معدے کی جلن اور تیزابیت کو بھی ختم کرتا ہے۔

کولیسٹرول اور بلڈ شوگر کے لیے مفید: ستّو کو ناصرف گرمی دور کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے بلکہ یہ دیگر امراض کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ ستّو کو کولیسٹرول کے مریضوں کے لیے بہت فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ ستّو ہمارے کولیسٹرول کی سطح کو برقرار رکھتا ہے اور اِس کے علاوہ بلڈ شوگر کے مریضوں کے لیے بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

آپ کو ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے: سخت گرمی کی وجہ سے ناصرف ہم سُست ہوجاتے ہیں بلکہ بعض اوقات ہمارے بلڈ پریشر کی سطح بھی کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے اور ہم سے سخت گرمی میں نہ تو کوئی کام ہوتا ہے اور نہ ہی کہیں باہر پیدل چلا جاتا ہے۔ ایسے میں اگر ہم روزانہ باقاعدگی سے ستّو کا استعمال کریں تو ہم اِن سب چیزوں سے بچ سکتے ہیں کیونکہ ستّو میں قدرتی اور غذائی اجزاء شامل ہوتے ہیں جو ہمیں توانائی دیتے ہیں، لہٰذا گرمی کے موسم میں ستّو کا استعمال لازمی کریں۔