ایس او پیز کی خلاف ورزی،کراچی کی مختلف مارکیٹیں سیل

305

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹینڈر آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ کے بعد گل پلازہ سیل کردیا گیا ہے، اسسٹنٹ کمشنر اسمابتول نے بتایا کہ سینی ٹائزر،ماسک اوردستانوں کااستعمال نہیں کیا جارہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عوام کی آسانی کے لئے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد تیسرے روز بھی عوام لاپروا نظرآئے،اسٹینڈر آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز)کی خلاف ورزی پر گل پلازہ بھی سیل کردیا گیا ہے،اسسٹنٹ کمشنر اسمابتول کا کہنا ہے کہ گل پلازہ ،ارحم شاپنگ سینٹر ایس او پی کی خلاف ورزی پر سیل کیا، ان جگہوں پر سینی ٹائزر، ماسک اوردستانوں کااستعمال نہیں کیا جارہا تھا۔

دوسری جانب ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر طارق روڈ پر 3دکانیں جبکہ عبداللہ ہارون روڈ پر 4 مارکیٹیں بھی سیل کردی گئیں۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق اسٹینڈر آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی خلاف ورزی پر گل پلازہ، زینب مارکیٹ سمیت شہر میں مختلف دکانوں کو بند کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع جنوبی میں زینب مارکیٹ اور گل پلازہ جبکہ ضلع شرقی میں دکانوں کے اندر ہجوم کے باعث لائم لائٹ، شو پلینٹ اور اسٹائلو کے اسٹورز کو بھی بند کیا گیا ہے۔کمشنر کراچی نے کہا کہ مذکورہ دکانوں کو کورونا وائرس کےپھیلاؤ کو روکنے سے متعلق جاری کی گئی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام مارکیٹوں میں میرے دوروں اور وارننگز کے باوجود ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جارہا تھا۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشاد سوڈھر کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر صدر آصف رضا چانڈیو نے زینب مارکیٹ چھاپا مارا تھا اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کےباعث زینب مارکیٹ کو سیل کردیا تھا۔

اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر صدر نے کہا کہ دکانداروں اور خریداروں نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے اور نہ ہی سینیٹائزرز کا استعمال کیا جارہا تھا۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں سماجی دوری کے اصول کی بھی خلاف ورزی کی جارہی تھی۔

کمشنرکراچی کا کہنا ہے کہ پہلےدن ہی دکانوں کودورہ کیاتھا،ایس اوپی پرعمل نہیں ہورہاتھا، ہم نےایس اوپی پرعمل کےلیےدکانداروں کو2دن دیےتھے، اگردکان دارایس اوپی پرعمل کریں گےتوکارروائی نہیں ہوگی، دکانداروں کودکانیں کھولنےسے متعلق پلان دینا ہوگا۔

اس سے قبل ضلعی انتظامیہ نے ایس او پی کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ کوسیل کردیا، اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی تھی اور دکاندار اورخریدار وں نے ماسک بھی نہیں پہنے ہوئےہیں جبکہ دکانداروں نے کہا کہ ہم ایس او پی پر مکمل عملدرآمد کررہے تھے۔گذشتہ روز کمشنرکراچی افتخارشلوانی نے کہا تھا کہ تاجربرادری سےاپیل ہےحکومتی ایس اوپیزپرعملدرآمدکرائیں، ماسک کےبغیرکسی کوشاپنگ نہیں کرنے دیں گے، تاجربرادری خود سے ایس اوپیز پر عمل کریں۔